اسلام آباد (نامہ نگار)ممتاز سکالر وائس مرکزی علما کونسل پاکستان صاحب زادہ پیر سمیع اللہ حسینی نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہوئے خود دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، دھماکے کے نتیجہ میں 27 شہریوں کی شہادت ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے شہدا اور زخمیوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا انہیں صدمہ برداشت کرنے کی دعا دی۔ چکری ، گوجرخان اور مری کے وفود سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن استعماری طاقتوں کی ایما پر عام شہریوں، سیکیورٹی فورسز، قومی تنصیبات پر حملے کررہے ہیں ۔ صاحب زادہ پیر سمیع اللہ حسینی نے کہا کہ شرپسند عناصر کسی طور بھی معافی کے لائق نہیں ان کا ایجنڈا قومی سالمیت کو نقصان پہنچانا ہے یہ لسانی، نسلی اور مذہبی نقاب پہن کر دھوکہ دے رہے ہیں۔ ملک دشمن گروپ کسی نسل، زبان اور نہ ہی کسی مذہب و مسلک کے محافظ ہیں یہ دہشت گردی کے پیچھے اپنا مکروہ شیطانی چہرہ چھپاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ پاکستان کے تمام شہریوں کو ان کے حقیقی چہرے سے روشناس کروانے اور ان کے اصل عزائم سے آگاہ کرنے کے لیے جدید ذرائع کو استعمال میں لایا جائے تاکہ سادہ لوح نوجوان ان کے عزائم کو جان سکے۔وائس مرکزی علما کونسل پاکستان نے صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اہم ترین جگہوں کی حفاظت کے لیے مناسب اقدامات اٹھائے تاکہ دہشتگرد اپنے منصوبوں میں ناکام رہیں۔