اسلام آباد( خصو صی ر پور ٹ )علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی 147ویں یوم ولادت کے موقع پران کے مزار پر حاضری دی اور قبر پر پھولوں کی چادر چڑھا کر فاتحہ خوانی کی، وائس چانسلر نے ملکی سلامتی و ترقی کے لئے بھی دعا کی۔ڈائریکٹر جرنل ریجنل سروسز ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان اورلاہور ریجن کے ڈائریکٹر،ملک امان اللہ وائس چانسلر کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر وائس چانسلر نے زائرین کی کتاب میں اپنے تاثرات میں علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پرطلبہ کو پیغام دیتے ہوئے، ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ علامہ اقبال نے نوجوانوں کو خودی کا پیغام دیا اور فرمایا کہ نوجوان اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کریں اور بڑے قومی مقاصد کے لئے اپنے آپ کو دوسروں پر غالب کرنے کی کوشش کریں، اپنے سماج سے ہر قسم کی برائی کو ختم کرکے ایک مثالی معاشرہ قائم کرنے کی کوشش کریں جس میں امن، سلامتی، برداشت، رواداری، اخوت، سخاوت اور محبت جیسی خوبیاں موجود ہوں۔ڈاکٹر ناصر کا کہنا تھا کہ نوجوان اگر کامیابی چاہتے ہیں تو خودی کو اپنا زیور بنالیں، کیونکہ اگر انسان میں خودی موجود ہے تو وہ فقیر ی میں بھی شہنشاہی کرسکتا ہے اور گہرے سے گہرے دریا کو عبور کرسکتا ہے۔ ڈاکٹر ناصر محمود نے مزید کہا کہ نوجوان نسل اقبال کے پڑھنے اور سمجھنے کو اپنا مشغلہ بنائیں اور ہر شعبہ زندگی میں شاعر مشرق کے افکار سے رجوع کریں۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن نوجوانوں کو تعلیم کے حصول پر خصوصی توجہ دینے اور ملک کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کرنے کا عزم بھی کرنا ہوگا۔
اوپن یونیورسٹی کے و ی سی پروفیسر ڈاکٹر ناصر کی علامہ اقبال کے مزار پر حاضر
Nov 10, 2024