اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی)سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا حل علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے افکار میں مضمر ہے۔ ہفتہ کو یوم اقبال پر اپنے خصوصی پیغام میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ نوجوان تعمیری سوچ کے ساتھ ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جائیں۔روبینہ خالد نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو ان کے 147ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی متاثر کن شاعری کے ذریعے امت مسلمہ کو خواب غفلت سے بیدار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ محمد اقبال کا خواب ایک ایسے پاکستان کا خواب تھا جو امن، سیاسی رواداری اور بھائی چارے کا گہوارہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلم نوجوانوں کو اپنے آبا اجداد کی قربانیوں، عظمتوں اور میراث سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی متحرک قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کا خواب کسی نعمت سے کم نہیں تھا۔