اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے مفکرِ پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عظیم شاعر اور مفکر تھے، یومِ اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلم امہ میں خودی اور جدوجہد کا جذبہ بیدار کیا، علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ وطن کے حصول کی راہ دکھائی۔علامہ راغب نعیمی نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کی فکری رہنمائی نے تحریکِ آزادی کو نئی روح دی، ان کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، اتحاد اور خود اعتماد ی کا شعور پیدا کیا ۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل میں اقبال کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے، آئندہ نسلوں کو اقبال کے افکار سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے ، ان کی تعلیمات میں مسلم امہ کو درپیش مسائل کا حل موجود ہے،علامہ محمد اقبال کا پیغام ہمہ گیر، ابدی اور ہر قسم کے امتیازات سے بالاتر ہے۔