ویون اور جاز کے وفد کا پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ چیئرمین پی ٹی اے سے ملاقات

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) ویون گروپ اور جاز کے اعلی سطحی وفد نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ ملاقات کے دوران چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل(ریٹائرڈ) حفیظ الرحمن کے ساتھ پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی کی توسیع پر مبنی اہم اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ویون گروپ کے بانی و چیئرمین  اوگی کے فیبیلا نے وفد کی قیادت کی جبکہ گروپ کے چیف ایگزیکٹو کان ترزی اولو، ڈائریکٹر کارپوریٹ افیئرز میرین بابیان، جاز کے سی ای او عامر ابراہیم اور جاز کے نائب صدر برائے پبلک پالیسی و ریگولیٹری افیئرز  مدثر حسین بھی وفد میں شامل تھے۔دوران ملاقات چیئرمین پی ٹی اے نے ملک میں ڈیجیٹل ترقی کی توسیع،  کنیکٹیویٹی کے عمل  کو محفوظ بنانے اور آئی سی ٹی کے شعبے کی ترقی کے لیے پی ٹی اے کی کاوشوں پر روشنی ڈالی ۔ویون اور جاز کے وفد نے پاکستان میں ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل میں پی ٹی اے کی کارکردگی کو سراہا اور پاکستان میں جدید اور خودمختار ڈیجیٹل معیشت  کے فروغ پر اپنے عزم کا اعادہ کیا ۔

ای پیپر دی نیشن