اسلام آباد(این این آئی)کمپٹیشن کمیشن نے بجلی شعبے میں سرکاری اجارہ داری ختم کرنے کی تجویزدے دی ۔کمپٹیشن کمیشن نے بجلی کے شعبے میں سرکاری مناپلی پر رپورٹ جاری کر دی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ پاور سیکٹر پر حکومتی کمپنیوں کی اجارہ داری شعبے کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔کمپٹیشن کمیشن نے حکومت کو بجلی کی مارکیٹ کھولنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جلد از جلد دو طرفہ معاہدے کی مارکیٹ (سی ٹی بی سی ایم)ماڈل نافذ کرے، بجلی بنانے اور فروخت کرنے والی کمپنیاں بجلی کی خریداری و ترسیل کیلئے براہ راست معاہدے کریں، ایک یا زائد میگا واٹ کے خریدار براہ راست بجلی پیدا کرنے والے کارخانوں سے بجلی کی خریداری کا معاہدہ کر سکیں۔کمپٹیشن کمیشن نے سینٹرل پاور پرچیز کمپنی کا کردار ختم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ نیپرا نے 2020میں CTBCMماڈل کے نفاذ کی منظوری دی تھی جس پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوا۔کمیشن نے سفارش کی کہ پروڈوکشن، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کو الگ الگ کر دیا جائے، بجلی کی ترسیل کے فرسودہ ڈھانچے کو ہنگامی بنیادوں پر اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔کمیشن نے کہا کہ سرکاری ملکیت میں چلنے والی ڈسٹری بیوشن کمپنیاں 9سے 35فیصد تک لائن لاسز کر رہی ہیں جس کا واحد حل ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری ہے۔
کمپٹیشن کمشن کی بجلی شعبے میں سرکاری اجارہ داری ختم کرنے کی تجویز
Nov 10, 2024