شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 خوارج ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، اس دوران 6 خوارج مارے گئے اور 6 خوارج زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران مارے جانے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا، یہ خوارج سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، علاقے میں پائے جانے والے کسی ممکنہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرئنس آپریشن بھی کیا گیا، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرنے کہا ہے کہ دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،پاکستان سےدہشت گردی کی لعنت کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف مشن کو قومی عزم اور اجتماعی ارادے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے پوری قوم کی ثابت قدمی ، حمایت، فوج اور سول اداروں کی کوششوں اور ساتھ کی ضرورت ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ 6 خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، قوم کو بہادر سکیورٹی فورسز پر ناز ہے، دہشتگردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے، قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔