ہر بچہ عقائد اور اعمال کا ذہن لے کر دنیا میں آتا ہے۔ والدین اور اساتذہ کی اچھی تربیت اور ذہن سازی اس میں بلند پایہ اوصاف پروان چڑھاتی ہے جس سے وہ معاشرے کا بہترین اور کارآمد فرد بن جاتا ہے۔ اس کے برعکس غلط تربیت سے عقائد و اعمال بگڑ جاتے ہیں اور ایسا شخص معاشرے کے لیے ناسور بن جاتا ہے۔ اس لیے تعلیم کے ساتھ تربیت اتنی ہی ضروری ہے جتنا زندہ رہنے کے لیے سانس۔ ہمارے ہاں مختلف سطح پر مختلف طرح کے کثیر تعداد میں تعلیمی ادارے موجود ہیں جن میں سکولز، کالجز، یونیورسٹیاں بھی ہیں اور دینی تعلیم کے ادارے بھی ہیں۔ دنیوی تعلیمی اداروں میں تو تربیت کا بالکل ہی فقدان ہے۔ دینی تعلیم کے اداروں میں تعلیم کے ساتھ تربیت کا جذبہ تو ہے لیکن یہاں زیر تعلیم بچوں کے لیے ان کی ذہنی سطح کے مطابق تربیت کا کوئی ایسا سائنٹیفک اور رہنما نصاب کتابیں دستیاب نہیں جو مفید اسلامی معلومات، سیرت نبوی اور بزم ادب کے پروگرام پر مشتمل ہو اور بچوں کو مثالی مسلمان بنانے میں بنیادی کردار ادا کرے۔ اسی اہم ضرورت کے پیش نظر دارالسلام انٹرنیشنل بچوں کے لیے تین حصوں پر مشتمل یہ کتاب تیار کی ہے جسے جید علمائے کرام اور کہنہ مشق سکالرز نے بڑی محنت سے مرتب کیا ہے۔ تین حصوں پر مشتمل یہ کتاب تعلیم و تربیت کے اہم اور مفید پہلوو¿ں کا احاطہ کرتی ہے جنھیں 8 ہفتوں کے حساب سے سمیسٹر وائز تقسیم کیا گیا ہے۔ ضروری ہے کہ نئی نسل کی اسلامی خطوط پر تربیت کے لیے اس کتاب کو عام کیا جائے، دینی اداروں سمیت سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں رائج کیا جائے تاکہ ہمارے بچے بچیاں مفید پاکستانی بننے کے ساتھ ساتھ اچھے مسلمان بھی بن سکیں۔ طلبہ اور اساتذہ کی سہولت کی خاطر تینوں کتابیں سمیسٹر وائز ترتیب دی گئی ہیں۔ ہر سمیسٹر کا دورانیہ 2 ماہ ہے۔ ہر سمیسٹر میں 8 ہفتوں کے حساب سے مختلف تربیتی موضوعات تقسیم کیے گئے ہیں۔ ہر سمیسٹر کے پہلے ہفتے میں قرآن مجید کی کچھ سورتیں حفظ کے لیے دی گئی ہیں، دوسرے ہفتے میں مسنون دعائیں، تیسرے ہفتے میں حفظ احادیث، چوتھے ہفتے میں بنیادی عقائد، پانچویں ہفتے میں سیرت النبیﷺ، چھٹے ہفتے میں تجوید، ساتویں ہفتے میں اسلامی آداب اور آخری ہفتے میں پورے سمیسٹر کی دہرائی کے ساتھ ساتھ بچوں کو عملی سرگرمیاں شامل کتاب کی گئی ہیں۔ بچوں میں ادبی ذوق پیدا کرنے اور گفتگو کی صلاحتیں نکھارنے کے لیے ہر کتاب کے آخر میں بچوں کے لیے ح
مد و نعت اور مختلف موضوعات پر تقاریر بھی دی گئی ہیں۔ ہر کتاب کے شروع میں طلبہ اور اساتذہ کے لیے مفید تجاویز اور رہنما اصول بھی دیے گئے ہیں جن کی روشنی میں ان کتابوں کو سمجھنا، پڑھنا اور ان سے فائدہ اٹھانا بالکل ہی آسان ہوگیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ موجودہ پر فتن اور آزمائشوں کے دور میں تین حصوں پر مشتمل اس کتاب کا مطالعہ ہر بچے بچی کے لیے بے حد ضروری ہے۔ اسی طرح ان کتب کا مطالعہ والدین کے لیے بھی بے حد مفید ثابت ہوگا ان شاء اللہ۔ یہ کتاب بچوں کو عملی مسلمان بنانے، معاشرے کا مفید شہری بنانے اور ان کی اچھی تربیت میں اہم کردار ادا کرے گی۔ 192 صفحات پر مشتمل تین جلدوں کی قیمت 720 روپے ہے اور ملنے کا پتا دارالسلام انٹرنیشنل، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ، لوئر مال، لاہور ہے۔ کتابیں خریدنے کے لیے 042-37324034 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔