مشیراطلاعات خیبر پختونخواہ بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ پنجاب کے عوام کو سموگ کے رحم و کرم پر چھوڑ کر سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز یورپ کی سیر پر نکل گئے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام سموگ کی وجہ سے سانس نہیں لے سکتے اور باپ بیٹی جنیوا کی تازہ ہواؤں میں جھوم رہے ہیں، اطلاعات ہیں کہ مریم نواز نے پرائیوٹ جیٹ ہائیر کیا ہوا ہے، جہاز نے صندوقوں اور سوٹ کیسز سے بھر کر اڑان بھری ہے، ملک کی حالت قابل رحم ہے اور ان کے شاہی خرچے ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے۔ بیرسٹر محمد سیف نے کہا کہ پنجاب میں بدترین سموگ کی وجہ سے زندگی کے معمولات معطل ہیں، باپ بیٹی کا جنیوا میں گھومنا پنجاب کے عوام کے ساتھ مذاق ہے، فارم 47 کے لیڈروں سے یہی توقع کی جاسکتی ہے، فارم 45 کے لیڈرز عوام کے غم خوار ہیں جب کہ فارم 47 والے عوام کا مذاق اڑاتے ہیں۔ مشیراطلاعات خیبرپختونخواہ کا کہنا ہے کہ یورپ میں سرجری اور علاج کرانا پنجاب کے ہسپتالوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، کئی باریاں لینے کے باوجود ایک ہسپتال ایسا نہیں بنایا جہاں اپنا علاج کراسکیں، پنجاب کے ہسپتال ادویات کی قلت اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، راج کماری مریم نواز پنجاب کے ہسپتالوں کی تعریفیں کرتی نہیں تھکتیں مگر حالت یہ ہے کہ خود علاج کے لیے باہر گئی ہے، قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شریف خاندان کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔