راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے قوم کی مستقل حمایت کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کی نماز جنازہ کوئٹہ گریژن میں ادا کردی گئی .جس میں آرمی چیف، وزیر داخلہ، گورنر و وزیر اعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزرا نے شرکت کی۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ نماز جنازہ میں عسکری و سویلین حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ شہدا کی تدفین کے بعد آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا اور زخمیوں سے ملاقات کی. انہوں نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے قوم کے عزم کا اعادہ کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے مشن کو اجتماعی عزم کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا. دہشت گردی کو کبھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قوم کا عزم مضبوط ہے. دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا. پرامن اور خوشحال مستقبل کے لے قوم کی حمایت کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے میں 26 افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔اس سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کوئٹہ دھماکے میں زخمی افراد کی عیادت کی تھی۔کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کیا گیا ہے۔