طورخم سے افغانستان کو نیٹو کی سپلائی دس روز تعطل کے بعد بحال کی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے آج اتوار کے روز کسٹم عملے کی چھٹی منسوخ کرکے انہیں طلب کرلیا گیا ہے۔ کسٹم کی طرف سے نیٹو کنٹینرز کوکلیئرنس کے بعد افغانستان جانے کی اجازت دے دی جارہی ہے ۔ جس کے بعد خیبر ایجنسی میں کھڑےمتعدد کنٹینرز کی افغانستان روانگی کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ واضح رہے کہ گیارہ روز قبل نیٹو ہیلی کاپٹرز کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور فوجیوں کی شہادت کے بعد نیٹو کو طورخم کے راستے افغانستان سپلائی بند کردی گئی تھی۔ گزشتہ روز حکومت پاکستان نے نیٹو حکام کی معافی قبول کرتے ہوئے سپلائی بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔