راولپنڈی (ثناءنیوز) اڈیالہ جیل سے لاپتہ ہونے اور بعض لاپتہ افراد کے مردہ حالت میں ملنے کے مقدمے میں راولپنڈی کی عدالت نے 15 اکتوبر کو ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس کو ذاتی طور پر طلب کرلیا ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد نوید اقبال نے لاپتہ افراد کے بھائی عبدالشکور کی درخواست پرمذکورہ بالا حکم جاری کیا۔ اڈیالہ جیل سے لاپتہ ہونے والے گیارہ افراد میں سے دو افراد کی نعشیں لاوارث ملی تھیں جبکہ مقتول عبدالصبور کے بھائی عبدالشکور نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ اس کے دیگر دو بھائی عبدالباسط اور عبدالماجد بھی اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد سے لاپتہ ہیں اور سپریم کورٹ میں خفیہ اداروں نے تسلیم کیا ہے کہ لاپتہ ہونے والے گیارہ افراد کو اڈیالہ جیل سے حساس اداروں نے اپنی تحویل میں لیا تھا۔