اسلام آباد(آن لائن) جمعیت علمائے اسلام (ف) نے طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے ابتدائی رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ فی الوقت ٹریک ٹو ڈپلومیسی کے تحت بات چیت چل رہی ہے، فیصلہ کن مذاکرات میں جرگہ اہم کردار ادا کریگا، مرکز ی ترجمان جان اچکزئی نے کہا ہے سربراہ جے یوآئی (ف) کا دورہ افغانستان عیدالاضحی کے باعث ملتوی کیاگیا ہے۔ مولانافضل الرحمن عید قربان کے بعد افغانستان جائینگے،جے یو آئی عیدالاضحی کے بعد وفاقی کابینہ کا حصہ ہوگی۔ جان اچکزئی نے کہاکہ حکومت اور طالبان میں ٹریک ٹو ڈپلومیسی کے تحت بات چیت جاری ہے اور یہ ابتدائی مذاکرات ہیں۔ چونکہ ابھی ابتدائی بات چیت کا مرحلہ ہے اس لئے کمیٹی کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھایا جائیگا اور تمام چیزوں کو فی الوقت خفیہ رکھا جائیگا البتہ جیسے ہی بات چیت میں مزید پختگی آئے گی تو پھر اگلا مرحلہ (ٹریک ون) میں جرگہ کی خدمات لی جائینگی۔ مذاکرات کا آغاز انتہائی مثبت اقدام ہے کیونکہ اگر اس میں مزید تاخیر کی جائیگی تو پھر ملک دشمن عناصر فائدہ اٹھائینگے اور مذاکرات کو سبوتاژکرنے کی کوشش کرینگے۔ مولانا فضل الرحمن نے وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کے دوران بھی اس معاملے کو اٹھایا۔