ملتان (نمائندہ نوائے وقت) بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی سنڈیکیٹ ممبران پر مشتمل کمیٹی برائے زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس منصوبہ کا اجلاس گزشتہ روز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ علقمہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ کمیٹی ممبران نے زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس منصوبہ کے ورکنگ پیپر پر اعتراض لگاتے ہوئے آئندہ اجلاس 23 اکتوبر میں منصوبہ کی ابتداء سے لیکر موجودہ سٹیٹس کا مکمل ریکارڈ اور ورکنگ پیپر طلب کر لیا۔ اسی طرح اجلاس میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ہدایات کے برخلاف کیمپس میں داخلوں کا عمل جاری رکھنے سمیت دیگر معاملات پر کام جاری رکھنے پر لاہور کیمپس انتظامیہ کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں اراکین سنڈیکیٹ جسٹس (ر) ظفر یٰسین‘ رانا اعجاز نون ایم پی اے‘ ایڈیشنل سیکرٹری ایچ ای ڈی اعجاز مہناس ڈاکٹر سعید شیخ‘ ڈاکٹر شوکت ملک اور رجسٹرار ملک منیر نے شرکت کی۔