عمران ملکی سیاست میں پانی کا بلبلہ ہیں‘ بنانے والا کوئی اور ہاتھ ہے : زرداری

Oct 10, 2014

لاہور (خبرنگار) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان ملکی سیاست میں پانی کا بلبلہ ہیں، اس پانی کے بلبلے کو بنانے والا ہاتھ کوئی اور ہے۔ عمران خان جیسے لوگ سیاست میں کامیاب نہیں ہوتے۔ پاکستان کی سیاسی اور مؤثر قوتوں کو اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا ہو گا۔ انتخابات تین سال بعد ہوں یا دیر سے اس کا فیصلہ پیپلزپارٹی ہی کرے گی۔ بین الاقوامی سیاست کی کچھ قوتیں پاکستان میں ابھی تبدیلی نہیں چاہتیں۔ پہلے لاہور اس لئے نہیں آیا کہ وہ سیاست کا موسم نہیں تھا اب جونہی سیاست کا موسم آگیا ہے تو ہم بھی متحرک ہو گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہائوس میں فیصل آباد ڈویژن کے عہدیداروں، ٹکٹ ہولڈرز سے خطاب اور مختلف ملاقاتوں کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کو بچانے کیلئے نواز شریف کی حمایت کی۔ لاہور آ کر نواز شریف کو حوصلہ دیا ہے۔ تاکہ وہ ڈٹ کر جمہوری اداروں کا تحفظ کر سکیں۔ مفاہمت کا راستہ بھی ملکی مفاد اور جمہوریت کے لیے ہی اختیار کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کا ووٹ بینک کل بھی تھا اور آج بھی ہے۔ سیاست میں اپنی جگہ کیسے بنانی ہے یہ بہت اچھی طرح جانتا ہوں وقت آنے پر ثابت کر دوں گا کہ پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ پارٹی رہنمائوں کی تجاویز نوٹ کر رہا ہوں، کارکنوں کے درمیان خلیج کو بتدریج دور کیا جائے گا۔ عمران خان کو کھڑا کرنے والی قوتیں کوئی اور ہیں۔ میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان ہونے والی لڑائی کا مزہ لے رہا ہوں کارکن بھی مزہ لیں کیونکہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کی سوچ ایک جیسی ہے۔ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کے ساتھ دھاندلی کی گئی آج بھی انتخابات ہوں تو نتائج ہمارے حق میں ہی آئیں گے۔ پیپلز پارٹی کو کمزور سمجھنے والے سیاسی بیوقوف ہیں۔ 18 اکتوبر کو بلاول کے سیاست میں قدم رکھنے سے پیپلزپارٹی مزید مضبوط اور فعال ہو گی۔ ہم اقتدار کی سیاست نہیں کرتے اقتدار خود ہمارے پاس آتا ہے۔ پیپلزپارٹی کو ختم کرنے والے خود ختم ہو جاتے ہیں۔ پیپلزپارٹی آج بھی قائم ہے آئندہ بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی اور عوامی جماعت پیپلز پارٹی ہو گی۔ پیپلزپارٹی کا ووٹ بینک کل بھی تھا اور آج بھی ہے۔ وقت آنے پر ثابت کروں گا کہ پیپلزپارٹی پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی ہے۔ کارکنوں نے مطالبہ کیا کہ بلاول اور آصف زرداری لاہور میں مستقل قیام کریں۔ پسرور سے نامہ نگار کے مطابق آصف زرداری نے کہا ہے کہ گذشتہ دور حکومت میں پیپلزپارٹی عوام کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکی۔ ملاقات میں انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں ہونے والی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے۔ عوام کے مسائل حل کرنا ہونگے۔ بلاول بھٹو زرداری جلد پنجاب کے شہروں اور قصبوں کا دورہ کرینگے۔ زرداری نے کہا ہے کہ وہ دنیا کی سیاست کو سمجھتے ہیں اسی میں پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے راستے تلاش کرنے ہیں۔ بھارت اور امریکہ کے حالیہ سٹرٹیجک تعلقات سے خطے کیلئے کئی قسم کے خطرات پوشیدہ ہیں۔ شام، مصر، عراق، لیبیا میں جو کچھ ہے وہ اسلامی دنیا کے استحکام اور امن کو لاحق خطرات کی طرف واضح اشارہ ہے۔ آصف زراری سے سابق وزیر پیر صمصام بخاری، اشرف سوہنا، بلوچستان کے رکن اسمبلی جعفر جارج، ڈاکٹر خالد جاوید جان اور دیگر نے بھی ملاقات کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق زرداری نے کہا ہے کہ سیاست کا موسم تھا اس لیے لاہور چلا آیا ہمارے دور میں ’’دجال چیف جسٹس‘‘ ہر چیز پر سٹے آرڈر دے دیتا تھا۔ ریٹرننگ افسر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ منفی قوتوں سے جمہوریت کے ذریعے بہت سے انتقام لینے ہیں۔ ’’گو نواز گو‘‘ کہنے سے کیا ہو گا۔ کل لوگ ’’گو عمران گو‘‘ کہیں گے۔ شہباز شریف اپنے ایم پی ایز کے کام نہیں کر سکتے ہمارے ایم پی ایز کے کیسے کرتے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پیپلزپارٹی حافظ آباد کے 5 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ضلعی سیکرٹری جنرل محمد ارشد مہند ایڈووکیٹ نے کی جبکہ سٹی صدر اختر حسین بٹ، رائے ریاست علی کھرل، غلام عباس شیرازی اور علی امام شامل تھے۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے  آصف زرداری نے کہا  کہ پیپلز پارٹی ہی ملک کی وہ واحد جماعت ہے جو حقیقی معنوں میں عوام کی خیرخواہ ہے۔ آئندہ انتخابات میں ہم ذالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے لے کر چلیں گے اور انشاء اللہ فتح پارٹی کے غریب کارکنوں کی ہی ہو گی۔
زرداری

مزیدخبریں