لاہور+ سیالکوٹ + پسرور+ بھکر (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگاران) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے گذشتہ روز سیالکوٹ اور پسرور کے سرحدی علاقوں کا دورہ کیا اور بھارتی فائرنگ کے نتیجہ میں شہید ہونے والے شہریوں کے لواحقین میں مالی امداد کے چیک تقسیم کئے۔ شہباز شریف نے سی ایم ایچ سیالکوٹ میں زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت کی۔ شہباز شریف نے چارواہ سیکٹر کے سرحدی علاقوں کے دورے کے موقع پر عوام کے بڑے اجتماع سے خطاب میں کہاکہ نہتے، پرامن اور معصوم شہریوں پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ قابل مذمت ہے۔ بھارت کی جارحیت کے باعث خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے جس کے لئے اقوام متحدہ کو فوری نوٹس لیتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور بھارت کو بھی اپنے طرز عمل میں تبدیلی لانا ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے اور وہ ہر قسم کی جارحیت کاجواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کے شہریوں پر فائرنگ جیسی اشتعال انگیزی نا قابل برداشت ہے۔ مادروطن کے لئے جان دینے والے نوجوانوں، مائوں اور بزرگوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ بھارت فوری طورپر ننگی جارحیت بند کرے۔ 18کروڑ پاکستانی عوام اور مسلح افواج وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہیں۔ بھارتی وزیراعظم اور ان کی قیادت ہوش کے ناخن لے ۔ ہم نہیں چاہتے کہ اس خطے میں بد امنی پید ا ہو۔ جو کچھ ہورہا ہے اس کی ذمہ داری بھارت پر ہے اور امن کو نقصان پہنچانے کا ذمہ دار بھی بھارت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم بھارتی بربریت کی مذمت کرتی ہے۔ عوام افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ بھارت کو نہیں بھولنا چاہیے کہ پاکستان ایٹمی طاقت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا میرا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ عوام جہاں مشکل میں ہوں گے، وہاں ہر صورت پہنچوں گا۔ علاہ ازیں شہباز شریف نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی کے لئے وضع کردہ پلان پر موثر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جان سے قیمتی کوئی چیز نہیں۔ دوسری جانب شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے اشتعال انگیزیوں کے باوجود صبر اور تحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیںاور برداشت سے کام لیں۔ شہبازشریف نے کہا انہیں ملتان کے واقعہ پر افسوس ہوا ہے۔ ہم نے اپنے عمل سے یہ ثابت کرنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اس سازش کا شکار نہیں ہو گی۔ شہباز شریف بھکر میں مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے نجیب اللہ خان نیازی مرحوم کی رہائش گاہ پر بھی گئے اور نجیب اللہ خان نیازی کے انتقال پر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔
شہباز شریف