شمالی وزیرستان : ایک اور ڈرون حملہ‘ چار افراد ہلاک : باجوڑ میں بم دھماکہ‘ دو جاں بحق

Oct 10, 2014

میرانشاہ (آن لائن+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) میران شاہ کی تحصیل دتہ خیل میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں 4 افراد  ہلاک اور  دو  زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق ڈرون طیارے نے دتہ خیل کے علاقے لومان میں ایک گاڑی پر 2 میزائل فائر کئے۔ ڈرون حملے کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واضح رہے کہ یہ گزشتہ 5 روز میں امریکی ڈرون طیاروں کا شمالی وزیرستان میں چھٹا ڈرون حملہ ہے جس کے نتیجے میں اب تک 28 افراد جاں بحق  اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔ دریں اثناء باجوڑ اور مہمند ایجنسی کے متاثرین نے ڈرون حملوں کے خلاف  پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر وفاقی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے کہا کہ عید کے دنوں میں بھی وزیرستان میں ڈرون حملے کئے گئے ہیں جو انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ قبائلی عوام کا کہنا تھا کہ اگر وزیرستان میں ڈرون حملے بند نہ کئے گئے تو قبائلی عوام اسلام آباد میں دھرنا دینگے۔ علاوہ ازیں باجوڑ ایجنسی میں سڑک کنارے بم دھماکے میں دو افراد جاںبحق ہو گئے۔ ادھر وانا میں سکول کو بارودی مواد سے اڑا دیا گیا۔ دھماکے میں سکول کے تین کمرے مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ دریں اثناء ٹانک میں سڑک کنارے نصب 5 اور 10 کلوگرام کے بم ناکارہ بنا دیئے گئے۔

مزیدخبریں