اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر چیز انسان کے ہاتھ میں نہیں ہوتی، انسان کا کام صرف کوشش کرنا ہے، مجھے مقابلہ کرنا آتا ہے میں آخر تک لڑوں گا۔ زرداری، نواز شریف، مولانا فضل الرحمن مل کر بھی ہمیں نہیں ہرا سکتے۔ اللہ میری نیت جانتا ہے۔ مجھے نیا پاکستان بنتا نظر آرہا ہے، قوم کی مدد سے مگرمچھوں کا مقابلہ کروں گا، مجھے غیب سے مدد آئے گی۔ مجھے کسی کا اشارہ نہیں چاہئے صرف قوم کے اشارے پر چلتا ہوں۔ ملتان میں ن لیگ کے لوگ ’’گو عمران گو‘‘ کہہ رہے تھے میں خوش ہورہا تھا۔ استعفیٰ دوں تو کس طرح، میرے پاس تو کوئی عہدہ نہیں، پارٹی چھوڑ نہیں سکتا، ن لیگ والے ذرا سوچ لیتے تو گو عمران گو کا پاگل پن نہ کرتے۔ میں وزیراعظم نہیں تو گو عمران گو کس وجہ سے کہا جارہا ہے۔ عوامی حمایت حاصل ہو تو بڑے مگرمچھوں کو کٹہرے پر لاسکتے ہیں۔ سب کو صرف ایک ہی پیغام ہے کہ ناممکن کچھ نہیں ہے۔ آصف زرداری نے میرے لئے بڑے زبردست الفاظ کہے، ان کا شکریہ۔ آصف زرداری کہتے ہیں مجھے سیاست نہیں آتی، اللہ کا شکر ہے کہ مجھے زرداری جیسی سیاست نہیں آتی۔ میاں صاحب نے بنوں میں جہاں خطاب کیا وہاں آئی ڈی پیز نہیں تھے۔ میاں صاحب کو پتہ تھا کہ آئی ڈی پیز نے ’’گونواز گو‘‘ کا نعرہ لگانا ہے۔ مجھے خوشی ہے نواز شریف پر میرا خوف طاری ہے۔ مجھے معلوم تھا کہ وہ دبائو میں آکر غلطیاں شروع کریں گے اور وہ غلطیاں کررہے ہیں۔ ظلم کا نظام نہیں چل سکتا۔ نئے پاکستان میں انسانوں کی قدر ہوگی۔ قوم میرے پیچھے کھڑی ہے تو وزیراعظم بھی بنوں گا۔ انشاء اللہ آج ملتان کے جلسے میں تمام ریکارڈ ٹوٹیں گے۔ قوم جاگ گئی ہے یہ بہت بڑی تبدیلی ہے۔ جنون کے سامنے لیگی کارکنوں کی کوئی اہمیت نہیں۔ نواز، زرداری کا وقت ختم ہوگیا۔ نواز شریف زرداری گٹھ جوڑ عوام کے سامنے لائیں گے۔ ملک میں جمہوریت نہیں قبضہ گروپ مسلط ہے۔ دریں اثناء ملتان کی ضلعی پولیس نے تحریک انصاف کے جلسہ کے لئے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔ ٹریفک کنٹرول کرنے کے لئے قریبی اضلاع سے اضافی نفری بھی طلب کرلی گئی۔ آج قلعہ کہنہ قاسم باغ میں منعقد ہونے والے جلسہ کے شرکاء کے لئے 3 مقامات پر گاڑیوں کی پارکنگ کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ لاہور میں نوجوان طاہر ملک کو سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کے گارڈوں نے مار دیا وہ تو اب وزیراعظم نہیں لیکن ان کے بیٹے کا پروٹوکول دیکھیں، اس واقعہ سے بھی میری قوم اور جاگ گئی ہے وہ اپنے حقوق کی حفاظت خود کرے گی۔ صرف عوام کی سیاست کرتا ہوں لیکن نواز اور زرداری جمہوریت نہیں بلکہ اپنے مفادات کیلئے اکٹھے ہیں۔کل ملتان میں وہاں کسانوں کے مسائل پر کھل کر بات کروں گا۔