لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ شیخ رشید نے نفرت کے جو بیج بوئے آج اس کی فصل کاٹ رہے ہیں‘ عوام جانتے ہیں کہ شیخ رشید کا ملتان میں ’’زیرو‘‘ ووٹ بنک ہے درحقیقت ملتان پاکستان مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے۔ گو عمران گو کا نعرہ عوام کے دلوں کی آواز ہے۔ شیخ رشید اور عمران خان کا سازشی منصوبہ ناکام ہو چکا ہے۔ ملتان میں جو کچھ ہوا یہ دراصل عوامی ردعمل ہے۔ مسلم لیگ (ن) یا حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کسی بھی اشتعال انگیزی پر پرامن رہیں گے کیونکہ مسلم لیگ (ن) شائستگی اور وقار کی سیاست کرنے کی قائل ہے۔ تانگہ پارٹی کے رہنما اپنی سواریاں پوری کرنے کی تگ و دو کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے بل بوتے پر سیاست کرنے والے کس منہ سے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کر سکتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) عوام کی نمائندہ جماعت ہے۔ وزیراعظم کو 18 کروڑ پاکستانیوں کی حمایت حاصل ہے۔
زعیم قادری