حافظ آباد: گھریلو تنازعہ، سسرالیوں نے ہتھوڑے کے وار کر کے بہو کو قتل کر دیا

حافظ آباد + پنڈی بھٹیاں (نمائندہ نوا ئے وقت+ نامہ نگار) حافظ آباد کے نواحی گاؤں پیر کمال میں گھریلوتنازعہ پر سسرالیوں نے ہتھوڑے کے وار کر کے بہو کو قتل کر دیا۔ مقتولہ کے بیٹے نے اڑھائی ماہ قبل اپنے والدکو قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ نواحی گاؤں پیر کمال کے ناصر حسین کو اُس کے بیٹے میثم کمال نے 28 جولائی 2014 کو گھریلو جھگڑے پر ہی قتل کر دیا تھا جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا۔ مقتول ناصر حسین کے ورثاء کو شک تھا ناصر حسین کو اس کی بیوی نے بیٹے کے ہاتھوں قتل کروایا ہے جس کا انہیں رنج تھا اور اسی بات پر اکثر شہناز بی بی کا اپنے سسرالیوں سے جھگڑا بھی رہتا تھا۔ وقوعہ کے روز شہناز کا اپنے سسرالیوں سے اسی بات پر جھگڑا ہوا تو اس کے سسر باطے خاں، دیور ناظم علی، رسولاں بی بی اور قریبی رشتہ دار فیاض احمد نے اُسے ہتھوڑے کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا جسے ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ پولیس تھانہ کسیسے نے باطے خاں، ناظم علی، ساس رسولاں بی بی اور فیاض احمد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تاہم کوئی بھی ملزم گرفتار نہ ہو سکا۔ مقتولہ کی نعش پوسٹ مارٹم اور ضروری کاروائی کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے ناصر حسین اور اس کی بیوی شہناز بی بی میں اکثر اوقات چھوٹی چھوٹی باتوں پر جھگڑا رہتا تھا ۔ ناصر کے قتل کے روز بھی دونوں میاں بیوی میں جب جھگڑا ہوا تو ناصر حسین نے اپنی بیوی کو مارا پیٹا جس پر طیش میں آ کر اُس کے بیٹے نے باپ کو قتل کر دیا لیکن مقتول کے ورثاء کو شک تھا اس کی بیوی نے اُسے بیٹے کے ہاتھوں جان بوجھ کر قتل کروایا ہے۔
بہو قتل

ای پیپر دی نیشن