اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) وزیراعظم نوازشریف کی ز یر صدارت سکیورٹی معاملات پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی رضوان اختر، وزیر داخلہ چودھری نثار، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی داخلی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں آپریشن ضرب عضب اور پاکستان افغانستان سرحد پر مؤثر سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مفاہمتی و مذاکراتی عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ اجلاس میں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں، مالی معاونت کاروں کیخلاف کارروائی مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عسکری، سول انٹیلی جنس اداروں کے درمیان خفیہ معلومات کے تبادلے کو مزید مربوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات اور دورہ امریکہ سے متعلق بھی بات کی گئی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ اندرونی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کو پرامن بنا کر دم لیں گے۔ وزیراعظم نوازشریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی ہے جس میں ملک کی داخلی و سرحدی صورتحال، افغانستان میں پیدا ہونے والی سلامتی کی صورتحال، آپریشن ضرب عضب، کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن اور وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ آرمی چیف نے وزیر اعظم کو کورکمانڈرز کانفرنس کے اہم نکات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے آرمی چیف کو دورہ امریکہ کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم کے آئندہ دورہ امریکہ پر مشاورت کی گئی اور جو معاملات امریکی صدر کے سامنے اٹھائے جانے ہیں ان پر بھی مشاورت کی گئی ہے۔ آرمی چیف نے وزیراعظم کو آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں ملنے والی کامیابیوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں افغانستان میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اظہار کیا گیا جبکہ آپریشن ضرب عضب کو منطقی انجام تک پہنچانے تک جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں رینجرز کے خلاف اشتہار چھاپنے کے حوالہ سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کے دورہ امریکہ سے قبل پاکستان کے جوہری پروگرام کے حوالہ سے امریکی میڈیا میں آنے والی خبروں کے معاملہ پر بھی واضح موقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نیشن رپورٹ کے مطابق وزیراعظم، آرمی چیف ملاقات میں کشمیر کے بغیر بھارت سے مذاکرات نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات، آپریشن ضرب عضب منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ
Oct 10, 2015