اسلام آباد (سپیشل رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکمت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بدعنوانی سے ملک کو نقصان پہنچانے والے افراد کو پکڑنے کا وقت آگیا ہے۔ ملک میں صحت اور تعلیم کے بجٹ میں اضافے کی شدید ضرورت ہے‘ لیکن وسائل کی قلت کی وجہ سے ایسا کرنا مشکل ہو گیا۔ قوم کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف اٹھ کھڑی ہو تاکہ قومی وسائل قوم کی فلاح و بہبود پر خرچ کئے جا سکیں۔ صدر ممنون حسین نے یہ بات اسلام آباد میں ایشیائی ایسوسی ایشن برائے ٹرانسفیوژن میڈیسن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے کہا کہ امراض خون پر قابو پانے کیلئے ضروری ہے کہ معاشرے میں مختلف سطحوں پر آگہی کی مہمات چلائی جائیں جن میں پیچیدہ اور تکنیکی زبان اختیار کرنے کے بجائے سادہ اور عام فہم اسلوب اختیار کیا جائے۔ علاوہ ازیں صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے۔ قومی اتحاد اور مسائل کے حل کرنے میں میڈیا کا بہت اہم کردار ہے۔ وہ گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی سے بات چیت کر رہے تھے۔ عرفان صدیقی نے صدر کو الیکٹرانک میڈیا سے متعلق ضابطہ اخلاق کی نقل پیش کی۔ صدر نے کہا کہ19 سال کے بعد ایک ضابطہ اخلاق کی اتفاق رائے سے منظوری ایک اہم کارنامہ ہے۔
صدر