کانپور(اے پی پی) بھارت اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ کے دوران شائقین کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے بعد کانپور پولیس نے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کئے ہیں اور تماشائیوں کو سٹیڈیم میں پانی کی بوتلیں اور ٹفنز لانے سے روک دیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے میچ کل اتوار کو کانپور میں کھیلا جائے گا۔ کٹاک میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں بھارت کی شکست قریب دیکھ کر شائقین بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے اور انہوں نے گراﺅنڈ میں بوتلیں اور دیگر اشیاءپھینکنا شروع کر دیں جس کی وجہ سے میچ کو دو بار روکنا پڑا مگر ان کی ہلڑبازی کے باوجود جنوبی افریقہ نے میچ میں کامیابی حاصل کی۔ کانپور انتظامیہ نے پہلے ون ڈے میں کسی ناخوشگوار واقع سے بچنے کےلئے شائقین کو بوتلیں اور ٹفن ساتھ لانے سے سختی سے روک دیا ہے۔
بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین پہلے ون ڈے کےلئے سیکیورٹی سخت، شائقین کو سٹیڈیم میں بوتلیں لانے سے روک دیا گیا
Oct 10, 2015