کیلیفورنیا (نیٹ نیوز) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر پام سپرنگز میں گھر میں جھگڑا کرنے والے ایک شخص نے معاملہ سلجھانے کیلئے آنے والے دو پولیس اہلکاروں کو ہی فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق سٹی پولیس چیف نے بتایا کہ پام سپرنگز کے دو پولیس اہلکار گھریلو تنازع سلجھانے کی کوشش کر رہے تھے کہ اچانک ایک شخص جس سے پولیس اہلکار بات کر رہے تھے اس نے بندوق نکالی اور فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا جبکہ حملہ آور کو ابھی تک پکڑا نہیں جاسکا اور اس کی تلاش جاری ہے۔ پولیس چیف برائن رینس نے بتایا ہلاک ہونے والوں میں جوس گلبرٹ ویگا اور خاتون اہلکار لیزلے زیریبنے شامل ہیں۔ لیزلے نے چند روز قبل ہی رخصت زچگی کے بعد دوبارہ ڈیوٹی جوائن کی تھی۔ 35 سالہ ویگا 8 بچوں کے باپ تھے اور انہیں دسمبر میں ریٹائر ہونا تھا۔ پولیس چیف کے مطابق پولیس افسر گھر کے داخلی دروازے پر مشتبہ شخص کو سمجھانے کی کوشش کر رہے تھے کہ اچانک اس نے فائرنگ کر دی۔ انہوں نے کہا ممکنہ طور پر حملہ آور گھر کے اندر ہی موجود ہے۔ پولیس نے گھر کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ پولیس چیف نے میڈیا اور شہریوں سے درخواست کی کہ وہ پولیس کی نقل و حرکت کو براہ راست ٹی وی یا سوشل میڈیا پر نشر نہ کریں کیونکہ اس سے پولیس اہلکاروں کی زندگی کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ حملہ آور کی پڑوسی فرانسس سیرانو نے بتایا مشتبہ شخص کے والد میرے پاس آئے اور کہا کہ ان کا بیٹا پاگلوں کی طرح برتاﺅ کر رہا ہے جس کے بعد انہوں نے پولیس کو فون کیا۔ مشتبہ شخص کی بیوی بھی اسے چھوڑ کر جا چکی ہے کیونکہ وہ اس سے بہت زیادہ خوفزدہ تھی۔
امریکہ فائرنگ