لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈکے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ پرامید ہیں کہ پاکستانی ٹیم ٹیسٹ سیریز جیت کر ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔پاکستان نے دورہ انگلینڈ کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کو 2-2 سے برابر کر آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی تاہم کچھ ہی دنوں بعد بھارت نے نیوزی لینڈ کو ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔انضمام الحق نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار کو بھی مایوسانہ قرار دیا اور کہا کہ ’’2007ء سے اب تک پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے بھارت کے انکار پر کوئی کیا کہہ سکتا ہے، میرے لئے یہ بہت مایوس کن ہے کیونکہ میں نے دونوں ملکوں میں کئی میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی ہے اور میں جانتا ہوں کہ پاک، بھارت میچ دنیائے کرکٹ اور دونوں ممالک کے عوام کیلئے کیا اہمیت رکھتے ہیں۔ ہم کچھ نہیں کر سکتے لیکن پاکستان اب بھی ٹیسٹ سیریز جیتنے اور بھارت سے پہلی پوزیشن چھیننے کی قابلیت رکھتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ ’’ہم نے جب بھی آسٹریلیا کا دورہ کیا تو بائونسی وکٹوں کے باعث بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ لیکن میرے خیال سے اب تمام بورڈز مخصوص وجوہات کی بناء پر ٹیسٹ میچ 5 روز تک جاری رہنے کے خواہشمند ہیں اور ان دنوں آسٹریلیا کی وکٹیں بھی اتنی بائونسی نہیں ہیں۔ اس مرتبہ ہمارے پاس آسٹریلیا کو انہی کی وکٹوں پر ہرانے کا سنہری موقع ہے اور ہم کینگرو ز کو ان کی سر زمین پر شکست دے سکتے ہیں ۔
آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر شکست دے سکتے ہیں :انضمام الحق
Oct 10, 2016