قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہاہے کہ حکومت بڑے بڑے دعوے کرتی ہے کہ ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھورہے ہیں لیکن ملک کے غربیوں سے جینے کا حق اور ان کے منہ سے 2 وقت کا نوالا بھی چھینا جارہا ہے۔ لاڑکانہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایک طرف حکومت کی جانب سے دعوے کئے جاتے ہیں کہ زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو رہے ہیں جبکہ دوسری جانب ملک کے غریبوں سے جینے کا حق بھی لے لیا گیا ہے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ موسم سرما کی آمد پر گیس کی قیمتوں میں 36 فیصد اضافہ کرنا غریب عوام پر ظلم ہے، پیپلزپارٹی گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کسی صورت قبول نہیں کرے گی اور عوام پر یہ ظلم نہیں ہونے دے گی۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ہم بانی ایم کیو ایم سمیت کسی بھی شخصیت کو محب وطن یا غدار ہونے کا سرٹیفکیٹ نہیں دے سکتے جبکہ 30 اکتوبر کا پی ٹی آئی کا دھرنا ان کا اپنا عمل ہے اس میں پیپلزپارٹی کا کوئی کردار نہیں۔