کسی کو اپنے ایکشن کی غلط تشریح نہیں کرنے دینگے‘ مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا: آرمی چیف

راولپنڈی‘ دینہ(نیوز ایجنسیاں+نامہ نگار) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا میابیوں سے ہمکنارہو گی، کسی کو بھی اپنے ایکشن کی غلط تشریح نہیں کرنے دیں گے، اندرونی اور بیرونی جارحیت سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہیں، دشمن چھوٹا ہو یا بڑا مہم جوئی کی صورت میں منہ توڑ جواب دیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان ایئر فورس اصغر خان اکیڈمی میں گریجوئٹ کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد ہوا۔ آرمی چیف تقریب کے مہمان خصوصی تھے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاس آؤٹ ہونے والے129کیڈٹس کو بیجز لگائے، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس میں3خواتین کیڈٹس، 5سعودی شاہی فضائیہ اور ایک اردن شاہی فضائیہ کے کیڈٹس شامل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ تمام گریجوئٹ اور ایوارڈ جیتنے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اعلیٰ ادارے کی تربیت فارغ التحصیل کیڈٹس کو مستقبل کے چیلنجز کرنے کا کوئی شارٹ کٹ راستہ نہیں ہوتا، سعودی عرب اور اردن کے پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، تینوں ملکوں کی مسلح افواج مختلف شعبوں میں تعاون کر رہی ہیں، اور مشرقی وسطی میں اپنے بھائیوں کے ساتھ ملکر دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے۔ امن کے قیام سے پاکستان کو داخلی استحکام ملتا ہے، ہم ملک میں قیام امن کیلئے پرعزم ہیں۔ دشمن کو کوئی مہم جوئی کی تو اسے ناقابل برداشت نقصان اٹھانا پڑے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑے پیمانے پر کامیابیاں حاصل کی ہیں، پاک فضائیہ نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تباہی میں اہم کردار ادا کیا، بدقسمتی سے عالمی برادری پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کو تسلیم نہیں کر رہی جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی ملک نے پاکستان سے زیادہ قربانیاں نہیں دیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جس نے کامیابی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور ہر قیمت پر پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دینہ کے نواحی علاقہ چا ہ گنجہ پہنچ گئے ،شہید نائب صوبیدار ندیم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور شہید کی درجات بلندی کے لیے دعا کی۔ بھارتی فوج نے 29ستمبر کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے راولا کوٹ آزاد کشمیر کے علاقہ رکھ چکری میں سول آبادی کو نشانہ بنایا جس پر علاقہ کے لوگوں کی مدد کے لیئے جانے والے نائب صوبیدار ندیم انڈیا کی گولہ بھاری سے شہید ہو گئے تھے۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی آمد پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیئے گئے تھے ۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...