لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپورٹس بورڈ نے نیشنل گیمز کے بار بار ملتوی ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قائد اعظم بین الصوبائی گیمز 2017ءکے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق مذکورہ گیمز 7 سے 11 دسمبر تک اسلام آباد میں منعقد ہونگی۔ اس بات کا فیصلہ گذشتہ روز ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب، سندھ، خیبر پی کے، بلوچستان، گلگت بلتستان، اے جے کے، فاٹا اور اسلام آباد سپورٹس بورڈ کے علاوہ تمام ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ نے شرکت کی۔ بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ کھیلوں کی افتتاحی تقریب کے لیے وزیر اعظم پاکستان جبکہ اختتامی تقریب کے لیے صدر مملک ممنون حسین کو بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دیں گے۔ پانچ روزہ گیمز میں کھیلوں کے 13 ڈسپلن کے مقابلے کرائے جائیں گے۔جن میں اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، ہاکی، جوڈو، کراٹے، نیٹ بال، سکواش، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ویٹ لیفٹنگ، ٹینس، والی بال اور ریسلنگ شامل ہیں۔ اجلاس میں تمام صوبائی سپورٹس بورڈ کو ہدایت کی گئی کہ وہ میگا ایونٹس کی تیاریوں کا آغاز کر دیں اور 25 اکتوبر تک اپنے دستوں کی تفصیلات پاکستان سپورٹس بورڈ کو جمع کرا دیں۔ اس موقع پر متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ ان گھیلوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی عمر کی حد 25 سال تک ہوگی۔ کسی محکمے کا کھلاڑی گیمز میں حصہ لینے کا اہل نہیں ہوگا۔
پاکستان سپورٹس بورڈ نے قائداعظم بین الصوبائی گیمز کے شیڈول کا اعلان کردیا
Oct 10, 2017