اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تیل درآمد کرنے والے ممالک میں پاکستان میں اس کی قیمتیں سب سے کم ہیں‘ رواں ماہ بھی اوگرا کی طرف سے تجویز کی گئی قیمتوں کے مقابلے میں حکومت نے کم قیمتیں بڑھائی ہیں‘ 2013ء میں پٹرول کی قیمت 110 روپے فی لیٹر تھی جو آج 73 روپے ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ جو فیول پرائسز ہیں ہر ماہ فکس کی جاتی ہیں۔ گزشتہ ماہ آنے والے کارگو کے حوالے سے عالمی قیمتوں ‘ ڈالر اور روپے کی قدر میں فرق کو سامنے رکھ کر تعین کیا جاتا ہے ہر شخص کو پتا ہوتا ہے کہ یکم کو کیا قیمت ہوتی ہے۔ گزشتہ ایک سال میں قیمت کا پورا اثر عوام پر نہیں ڈالا۔ پورے خطے میں پٹرولیم کی قیمت سب سے کم پاکستان میں ہے۔ انٹرنیٹ پر جاکر اس کی تفصیلات دیکھی جاسکتی ہیں۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے حکومت نے کئی منصوبے شروع کئے ہیں‘ راولپنڈی‘ ناران ٹورسٹ کوچ سروس‘ پاکستان ٹورازم فرینڈز کلب کا آغاز کیا گیا ہے‘ دامن کوہ اسلام آباد میں پی ٹی ڈی سی ریسٹورنٹ دوبارہ کھولا گیا ہے اس کے علاوہ عالمی یوم سیاحت پر اسلام آباد سٹی بس سروس شروع کی جائے گی‘ شکرپڑیاں میں پی ٹی ڈی سی کی 25 ایکڑ اراضی پر صحت افزا مقام قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں خواتین یونیورسٹی قائم کی جا رہی ہے‘ نواز شریف نے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کو رول ماڈل بنانے کا ہدف دیا تھا اور اب اس ہدف کے حصول کے لئے کام ہو رہا ہے‘ وزیر اعظم سکیم کے تحت 22 سکولوں کی اپ گریڈیشن کی ہے اور 200 پر کام جاری ہے۔ اب فیز تھری میں کام ہو رہا ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جنید اکبر کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی تعداد میں اضافہ موضوع سے ہٹ کر ہے تاہم آبادیوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ہم نے تعلیمی اداروں کی تعداد میں اضافہ کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ وزیر اعظم سکیم کے تحت 22 سکولوں کی اپ گریڈیشن کی ہے اور 200 پر کام جاری ہے۔ اب فیز تھری میں کام ہو رہا ہے اور سکولوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ بھارہ کہو میں ڈگری کالج‘ سہالہ میں لڑکوں کے کالج اور جی 13 کالج کا پی سی ون بن چکا ہے۔ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمارتوں کے رنگ و روغن سے تعلیم کو بہتر نہیں بنایا جاسکتا ہم ہم نے ایسے اقدامات کئے ہیں جس کے تحت پرائیویٹ سکولوں کے لوگ سرکاری اداروں میں آرہے ہیں۔ 2.7 ارب روپے سے منصوبہ جاری ہے۔پی آئی اے کے سابق قائم مقام چیف ایگزیکٹو افسر کی جانب سے پی آئی اے کے ہوائی جہاز کو اپنے ہمراہ جرمنی لے جانے کے حوالے سے سوال مزید تفصیلات کے لئے موخر کردیا گیا جبکہ وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر نے یہ جہاز لیپوزیک میوزیم جرمنی کو بیچا ہے تاہم ابھی تک اس کے پیسے نہیں ملے اس کی ایف آئی اے تحقیقات کر رہی ہے۔وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پمز ہسپتال میں 92 وینٹی لیٹر کام کر رہے ہیں‘ جس روز رکن قومی اسمبلی نجف عباس سیال کو وہاں لایا گیا تو اتفاق سے اس وقت سارے وینٹی لیٹر مریضوں کو لگائے گئے تھے‘ انہیں فوری طور پر شفا ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ وقفہ سوالات کے دوران ساجدہ بیگم کے سوال کے جواب میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پوچھے گئے سوال میں ابہام موجود ہے اس میں ہیپاٹالوجسٹ کا لفظ موجود ہے۔ ہیپاٹالوجسٹ پی ایچ ڈی؍ ایم ایس سی تحقیقی ماہرین ہوتے ہیں‘ کلینیکل ڈاکٹر نہیں ہوتے۔ اس وقت پاکستان میں صرف دو ہیپاٹالوجسٹ ہیں جو کراچی کے نجی ہسپتال میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں گیسٹرول انٹرالوجسٹ موجود ہیں۔ وزیر مملکت برائے قومی تعلیم و تربیت انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ بابا گرونانک انٹرنیشنل یونیورسٹی وفاقی دارالحکومت میں قائم کی جارہی ہے جبکہ اس کا ذیلی کیمپس ننکانہ صاحب میں قائم کیا جائے گا‘ آئندہ سال جون سے قبل اس کا چارٹرمنظور ہو جائے گا‘ ننکانہ میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی اراضی پر تنازعہ اور چارٹر کے اجراء کی وجہ سے ننکانہ میں یونیورسٹی قائم کرنے کی بجائے اسلام آباد میں قائم کی جارہی ہے۔