گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) محکمہ صحت کے 325 کنٹریکٹ ملازمین نے مستقل نہ ہونے پر سی ای او آفس کے باہر مرغے بن کر احتجاج ڈی سی اور محکمہ صحت کیخلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھار کھے تھے جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ صدر پیرامیڈیکس الائنس ندیم افضل چیمہ نے بتایا کہ 2013ء میں وزیراعلیٰ پنجاب نے احکامات جاری کردیے تھے جس پر صوبے کے تمام اضلاع میں ملازمین کو مستقل بنیادوں پر کردیاگیا تھا لیکن گوجرانوالہ میں تاحال ملازمین کو مستقل نہ کیاگیا ہے اور کنٹریکٹ کی تنخواہیں وصول کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمارے تمام کاغذات کئی سالوں سے تمام دفاتر میں جمع ہیں جن کی تصدیق تک ہوچکی ہیں مگر تاحال اس پر عمل در آمد نہ ہوسکاہے۔ ندیم افضل چیمہ نے کہا کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر اندر ہمارا نوٹیفکیشن نہ دیا گیا تو ڈی سی آفس کے باہر ضلع بھر کے ملازمین احتجاجی دھرنا دیں گے اور تب تک احتجاج کریں گے جب تک ہمیں ہمارا حق نہ دیدیا جائیگا۔ دوسری طرف سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سعید اﷲ خان کا کہنا ہے کہ ہماری طرف سے مراسلہ جاچکاہے، اب یہ اعلیٰ حکام کے اختیار میں ہے ۔