وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا نصب العین صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے اور ہماری حکومت گزشتہ سوا چار برس کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کررہی ہے اور عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ وہ اراکین اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں صرف ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی کی سیاست ہو گی کیونکہ پاکستان کے عوام صرف ترقی، خوشحالی اور امن چاہتے ہیں اور ہم نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کو قدم قدم پر مقدم رکھا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک میں اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ چکی ہے اور اتحاد کی قوت سے ہی پاکستان کو کھوئی ہوئی منزل سے ہمکنا رکرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں میں رخنہ ڈالنے والے بعض سیاسی عناصر عوام سے کھلی دشمنی کر رہے ہیں, پاکستان کے باشعور عوام ایسے عناصر کو پہچان چکے ہیں اور دھرنوں کے ذریعے ترقی کا سفر روکنے والوں کو عوام 2018 کے انتخابات میں رد کردیں گے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ممبر قومی اسمبلی عفت لیاقت اور رکن صوبائی ا سمبلی اصغرعلی منڈاشامل تھے۔