لاہور (نوائے وقت رپورٹ) آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے تحت دوسرے بین الاقوامی پی اے سی ای ایس مقابلے لاہور میں شروع ہو گئے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ فورٹریس اسٹیڈیم میں تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مقابلے میں پاک فوج کی 16اور 17 ممالک کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجیوں کو درپیش چیلنجز و مشکلات کے پیش نظر فزیکل فٹنس کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور کہا موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے یہ مقابلے اعلیٰ سطح کے حربی مہارت کے متقاضی ہیں۔ مقابلے میں 17 بین الاقوامی ٹیموں میں یو اے ای، ترکی، ازبکستان، مصر، اٹلی، میانمار، روس، نائیجیریا، تاجکستان، بحرین، چین، کویت، ملائیشیا، مالدیپ، نیپال، برطانیہ، سری لنکا اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ آرمی چیف نے کہا جدید دور میں اعلیٰ حربی صلاحیتیں خصوصی اہمیت کی حامل ہیں۔ بین الاقوامی ٹیموں کی مقابلوں میں شرکت اہمیت کی حامل ہے۔ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے جسمانی فٹنس ضروری ہے۔ ثابت قدم رہنے کیلئے بھی جسمانی طور پر فٹ رہنا ضروری ہے۔ مقابلے کیلئے اعلیٰ حربی مہارت کا ہونا ضروری ہے۔ جوانوں کا جذبہ اور مہارت دونوں ضروری ہیں۔
چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور ثابت قدم رہنے کے لئے جسمانی فٹنس ضروری ہے: آرمی چیف
Oct 10, 2018