پشاور(بیورورپورٹ)پشاور کے نواحی علاقہ ریگی برج ڈھیری میں سابقہ دشمنی کی بناء پر باپ بیٹے نے اپنے مخالفین کے گھر پر دستی بموں اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں مکان کو جزوی نقصان پہنچا تاہم اہل خانہ محفوظ رہے، ملزمان کی جانب سے پھینکے گئے دستی بموں میں 2 پھٹ نہ سکے جنہیں بعد ازاں بم ڈسپوزل یونٹ نے ناکارہ بنا دیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ انعام اللہ ولد ممتاز ساکن برج ڈھیری نے رپورٹ درج کراتے ہوئے ریگی پولیس کو بتایا کہ گزشتہ شب رات گئے سابقہ دشمنی کی بناء پر حوالدار ولد سردار اور حق نواز ولد حوالدار ساکنان برج ڈھیری نے اُن کے گھر پر دستی بموں اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کرتے ہوئے 3 دستی بم مکان میں پھینکے جن میں ایک زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں مکان کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ دیگر دو دستی بم پھٹ نہ سکے، انعام اللہ کے مطابق ملزمان واردات کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر بم ڈسپوزل یونٹ عملہ اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے 2 دستی بموں کو ناکارہ بنا کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے اور مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔
گھر پر حملہ