بھارتی قیادت خطے میں بڑے چیلنج کو سمجھنے سے قاصر ہے: وزیراعظم

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں غیررسمی اجلاس میں حکومت کے معاشی‘ سیاسی‘ معاشرتی ایشوز پر مؤقف کو عوام کے سامنے موثر انداز میں پیش کرنے پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نے وفاقی وزراء اور پارٹی کے دیگر ذمہ دار عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ ٹیلی ویژن ’ٹاک شوز‘ اور میڈیا کے دوسرے ذرائع پر حکومت کے مؤقف اپوزیشن اور سوشل میڈیا پر ہونے والے پراپیگنڈہ کا مؤثر جواب دیا جائے اور حکومت کے کسی بھی فیصلہ کے پس منظر میں موجود عوامل سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔ غیر رسمی اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی‘ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری‘ وزیر مملکت داخلہ اور دوسرے راہنما موجود تھے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف سے بات چیت‘ 100 دن کے پروگرام اور دوسرے امور پر سرکاری مؤقف کے مؤثر طور پر اجاگر ہونے بارے میں مطمئن نہیں۔ وزیراعظم نے میڈیا ٹیم کو ایشوز پر زیادہ متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نے معاشی صورتحال پر قوم اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کے منفی نتائج سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔ وزیراعظم نے میڈیا ٹیم کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے آزادکشمیرکے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے ملاقات کر کے آزادکشمیرسے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ منگل کو وزیراعظم عمران خان سے آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت کی سخت مذمت کی اور وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، عوام کا معیار زندگی بلندکرنے کے لئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیریوں کے جذبے بلند ہیں، حکومت پاکستان کے مسئلہ کشمیر پر بھرپور موقف سے کشمیریوں کو حوصلہ ملا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو ذات، رنگ یا نسل سے قطع نظر یکساں حقوق فراہم کرتا ہے، حکومت اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور قومی زندگی میں شرکت کیلئے برابر مواقع کو یقینی بناتی رہے گی۔ انہوں نے یہ بات پاکستان کے مختلف گرجا گھروں کے بشپس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے منگل کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے شانہ بشانہ کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم عمران خان سے 109ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاء نے ملاقات کی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اداروں کو غیر سیاسی بنانے کی حکومتی پالیسی بیوروکریسی کو مواقع فراہم کرتی ہے۔ غیرسیاسی کرنے سے بیورو کریسی کی کارکردگی بڑھے گی۔بیوروکریسی پر انتظامی امور کی بڑی ذمہ داریاں ہیں قوم کی امیدوں پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ شرکاء نے وزیراعظم سے سوالات کیے وزیراعظم نے افسروں کو اپنے وژن سے آگاہ کیا سول افسروں نے مذاکرات پر منفی بھارتی رد عمل سے متعلق وزیر اعظم سے سوال کیا تو وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی قیادت کی غربت سیاسی و سماجی مسائل سے چشم پوشی بدقسمتی ہے۔ بھارتی قیادت خطے میں بڑے چیلنج کو سمجھنے سے قاصر ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان آج ’’میرا گھر‘‘ منصوبے کے پائلٹ پراجیکٹ کا اعلان کریں گے۔ پائلٹ پراجیکٹ کیلئے ’میرا گھر اتھارٹی‘ بنائی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...