کراچی(وقائع نگار)متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز 90 میں دہشت گردوں کو پناہ دینے سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران رینجرز کے گواہ نے عامر خان کی شناخت کرلی۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مقدمے کی سماعت کی تو ایم کیو ایم رہنماء عامر خان، منہاج قاضی اور رئیس مما پیش ہوئے۔اس موقع پر رینجرز کے تفیشی افسر اور گواہ ڈی ایس آر ریاض نے عامر خان کو شناخت کرلیا اور اپنا بیان قلمبند بند کرایا۔رینجرز کے افسر کے مطابق 11 مارچ 2015 کو ایم کیو ایم مرکز نائن زیرو پر آپریشن کیا گیا ،جس کے دوران عامر خان کو خورشید میموریل ہال سے گرفتار کیا گیا۔رینجرز کے افسر کے بیان قلمبند ہونے کے بعد عامر خان کے وکیل آئندہ سماعت پر گواہ کے بیان پر جرح کریں گے۔انسداد دہشت گردی عدالت نے سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے کے مقدمے میں نامزد عامر خان سمیت تین ملزمان پر پہلے ترمیمی فرد جرم عائد کی جاچکی ہے جبکہ ملزمان عمران نیازی اور نعیم کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان کیخلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج ہے اور عامر خان ضمانت پر رہا ہیں۔
دہشت گردوں کو پناہ دینے کا مقدمہ: رینجرز کے گواہ نے عامر خان کو شناخت کرلیا
Oct 10, 2018