دبئی (سپورٹس ڈیسک )بلال آصف کی تباہ کن باؤلنگ کے سبب آسٹریلین ٹیم 142رنز کی شاندار اوپننگ شراکت کے باوجود پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 202رنز پر ڈھیر ہو گئی۔دبئی میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 30 رنز بنائے تھے۔آسٹریلیا کے دونوں اوپنرز عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور پہلے سیشن میں پاکستان کو وکٹ سے محروم رکھا۔عثمان خواجہ اور فنچ نے پہلی وکٹ میں 142 رنز کا بہترین آغاز کیا لیکن اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب فنچ 62 رنز بنانے کے بعد محمد عباس کی وکٹ بن گئے۔اس وکٹ کے گرتے ہی وکٹیں گرنے کا ایک نہختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو گیا اور کوئی بھی آسٹریلین بلے باز خصوصاً بلال آصف کی گیندوں کا سامنا نہ کر سکا۔انہوں نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے شان مارش کے بعد 85رنز بنانے والے عثمان خؤاجہ کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔اس کے بعد کوئی بھی آسٹریلین بلے باز عباس اور بلال کی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا اور ہوری ٹیم صرف 202رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔مہمان ٹیم کی بیٹگ لائن کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اوپننگ شراکت کے بعد تمام 10وکٹیں صرف 60رنز کے اضافے سے گریں اور سات کھلاڑی دہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔بلال آصف نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پہلی ہی ٹیسٹ اننگز میں آسٹریلیا کے 6 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عباس نے 4وکٹیں اپنے نام کیں، وہاب ریاض اور یاسر شاہ جیسے تجربہ کار باولرز وکٹ لینے میں ناکام رہے۔شاندار باؤلنگ کی بدولت بلال آصف ڈیبیو پر اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی اسپنر بن گئے، اس سے قبل شاہد آفریدی اور محمد نذیر بھی یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔پاکستان نے پہلی اننگز میں 280رنز کی برتری حاصل کی لیکن آسٹریلیا کو فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کو ترجیح دی۔پاکستان نے اب تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 45رنز بنائے ہیں اور محمد حفیظ، بلال آصف اور اظہر علی پویلین لوٹ چکے ہیں۔قبل ازیں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 482 رنز بنائے تھے اور پوری ٹیم آوٹ ہوگئی تھی۔محمد حفیظ نے ایشیا کپ میں ٹیم سے باہر ہونے کے بعد کامیاب واپسی کرتے ہوئے 126 رنز کی اننگز کھیلی تھی، حارث سہیل نے بھی ذمہ دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا۔حارث سہیل ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے کریئر کی پہلی سنچری بنانے کے بعد 110 رنز پرآوٹ ہوئے تھے۔