لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 کے امیدوار خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جھوٹے بہروپیوں کی پاکستان پر حکمرانی قومی المیہ ہے۔ وزیر اطلاعات اس دور کے گوئبلز ہیں۔ ان کا ہر یان جھوٹا اور مضحکہ خیز ہے۔ میرے دور میں ریلوے میں بھرتی صرف اور صرف میرٹ پر ہوئی۔ وہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویئر پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے بیان کا ردعمل دے رہے تھے۔ دریں اثنا انہوں نے منگل کو این اے 131میں متعدد انتخابی جلسوں سے خطاب کیا جن کا اہتمام ممتاز سیاسی کارکنوں قاری حنیف، رانا تنویر، کرامت وٹو، میاں فقیر حسین اور کاشف گجر نے کیا تھا۔ مقررین میں حسین سوہل ایم پی اے، میاں نصیر ایم پی اے، چودھری سجاد گجر وائس چیئرمین والٹن کنٹونمنٹ بورڈ، ملک یوسف چیئرمین زکوٰۃ کمیٹی و دیگر شامل تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ 14 اکتوبر فسطائی حکومت کی شکست کا دن ہے۔ غریبوں سے روٹی کے دو نوالے چھین لینے والوں کو شکست ہو گی اور شیر فتح مند ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹوں، بہروپیوں اور لوٹے کو این اے 131 کے عوام ووٹ کی طاقت سے سبق سکھا دیں گے۔