اسلام آباد (این این آئی)پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے ترکی کی بندرگاہ اکساز کا دورہ کیا ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف کی بندرگاہ آمد پر ترک بحریہ کے آفیسرز اور پاکستان کے نیول اتاشی نے جہاز کا استقبال کیا۔پی این ایس سیف نے پاک بحریہ اورترک بحریہ کے درمیان ماوی بلینا اور دیگر مشترکہ مشقوں میں حصہ لیا۔ ان مشقوں کے دوران میری ٹائم آپریشنز، اینٹی سب میرینز آپریشنز، ایئر ڈیفنس آپریشنز کا مظاہرہ کیا گیا۔پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق ان مشقوں کا مقصد مختلف ممالک کی بحری افواج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت اور استحکام دینے کا باعث ہو گا۔دورے کے دوران کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل آصف خالق نے ترک بحریہ کے سینئرز آفیسرز سے ملاقاتیں بھی کیں۔