آئی جی پنجاب کا تبادلہ:اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نےالیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا

Oct 10, 2018 | 16:27

ویب ڈیسک

آئی جی پنجاب کے تبادلے کے معاملے پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھا ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ آئی جی پنجاب کے تبادلے کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کے احکامات واپس لیے جائیں۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے خط میں کہا گیا  کہ الیکشن کمیشن کا 3ستمبر کا حکم صوبے کے پولیس چیف کو تبدیل کرنے میں رکاوٹ نہیں۔ خط میں یہ بھی کہا گیا   کہ ضمنی الیکشن کے اضلاع میں تقرر و تبادلے سے الیکشن کمیشن نے منع کیا تھا، جبکہ آئی جی پنجاب کا تبادلہ طریقہ کار کے مطابق کیا گیا ۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گذشتہ روز پنجاب کے آئی جی پولیس طاہر خان کو ایک ماہ دو دن بعد ہی تبدیل کردیا تھا اور ان کی جگہ سابق آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کو تعینات کیا تھا اور اس کا نوٹی فکیشن بھی گذشتہ روز ہی جاری کیا تھا تاہم چند گھنٹوں بعد الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب طاہر خان کو ہٹا کر امجد جاوید سلیمی کو نیا آئی جی لگانے کا حکومتی نوٹی فکیشن معطل کر دیا۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) سردار رضا نے انسپکٹر جنرل(آئی جی)پنجاب پولیس طاہر خان کی تبدیلی کا نوٹس لے کر الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ سے تفصیلات طلب کرلی تھیں ۔الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب کاتبادلہ رکوانے کیلئے سیکریٹری اسٹیبشلمنٹ ڈویژن کو بھی خط لکھ کر دو دن کے اندر وضاحت طلب کی تھی۔

مزیدخبریں