لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چکوال میں ضلع چکوال اور ضلع جہلم کیلئے صحت انصاف کارڈ پروگرام کا افتتاح کیا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے چکوال کے لئے مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا اورسنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین بھاگوال‘ ڈھوک ٹاہلیاں جھیل میں انٹرٹینمنٹ پارک اور واٹر سپورٹس کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ انٹرٹینمنٹ پارک اور واٹر سپورٹس کے منصوبے پر 10 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج چکوال کے بی ایس بلاک کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ صحت انصاف کارڈ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آج عوام کی خدمت کے ایک اور وعدہ پورا ہونے پر اطمینان محسوس کر رہا ہوں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے ایک برس کے دوران ہسپتالوں میں 9 ہزار بیڈز کا اضافہ کیا ہے۔ ہماری حکومت صوبے میں 9 نئے ہسپتال بنا رہی ہے جبکہ گزشتہ 26 برس سے کسی حکومت نے نئے ہسپتال بنانے پر توجہ نہیں دی۔ ہیلتھ کے بجٹ میں 30 فیصد ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔ عوام کی خدمت، خوشحالی، فلاح وبہبود اور ترقی کے عہد کو ہر قیمت پر نبھائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے لاوا میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تعمیر کرنے کے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ 10 برس گزر گئے لیکن تحصیل لاوا میں ہسپتال نہیں بن سکا۔ وزیراعلیٰ نے چکوال میں نیا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بنانے کابھی اعلان کیا اورکہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چکوال کی حالت اچھی نہیں۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں 100 تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالو ں کی ایمرجنسیز کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان 100 تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں ٹراما کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ عثمان بزدار سے پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عامر محمود کیانی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف ملک کی ہر دلعزیز جماعت بن چکی ہے۔ پارٹی کے کارکن قیمتی سرمایہ ہیں، کارکنوں کو ان کاجائز مقام دیں گے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے آخر حد تک جائے گی۔ ماضی کی طرح پیسہ نمائشی منصوبوں پر ضائع نہیں کیا۔ سابق دور میں نمائشی منصوبوں پرسرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیاگیا اور ان نمائشی منصوبوں کا فائدہ عوام کو نہیں پہنچا۔ وزیراعلیٰ نے ذہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تندرست زندگی کا براہ راست تعلق صحت مند دماغ سے ہے۔ غربت، بیروزگاری اور معاشی مسائل کے باعث ذہنی امراض میں مبتلا افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔عثمان بزدار نے میر پورآزاد کشمیر کے علاقے بھونگ میں نہر اپر جہلم کے ہیڈ ریگولیٹر کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدا ر نے نہر اپر جہلم کی بحالی کا کام مکمل ہونے پر گیٹ وے کھول کر پانی کی ازسرنو فراہمی کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ کو محکمہ آبپاشی کی طر ف سے زلزلے سے پہلے او رزلزلے کے بعد کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ عثمان بزدار نے تلہ گنگ میں گورنمنٹ سٹی ہسپتال کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو ہسپتال کے امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مارچ کرنے والے جب آئیں گے تو دیکھا جائے گا۔
عوام کو ریلیف کیلئے آخری حد تک جائیں گے: عثمان بزدار
Oct 10, 2019