پاکستان کھیلوں اور سیاحت کیلئے محفوظ ملک، ٹیسٹ کرکٹ کی بھی واپسی ہوگی: صدر علوی

لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس/ نمائندہ خصوصی/ نیوز رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کرکٹ کا پاکستان میں نہ ہونا بڑی زیادتی تھی۔ دورہ پاکستان پر سری لنکن ٹیم کے مشکور ہیں۔ لاہور میں سپورٹس کیلئے ماحول بہت اچھا ہے۔ شائقین کرکٹ سے سٹیڈیم بھرا ہوا ہے۔ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے وفود بھی پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ سکیورٹی اور دیگر انتظامات دیکھ کر پاکستان میں جلد کرکٹ کی واپسی ہوجائیگی۔ سری لنکن ٹیم کے کچھ سینئر پلیئرز نہیں آسکے ان کی جگہ پر جونیئر کھلاڑیوں نے بہترین پرفارمنس کے ساتھ خود کو منوایا ہے۔ سری لنکن ٹیم پہلے بھی آچکی ہے، پی ایس ایل کیلئے بھی غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آچکے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ اب یہ پکی شروعات ہوگئی ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ جب کھلاڑی آتے ہیں تو انہیں ماحول کا پتہ چلتا ہے اسی طرح دوسرے سیاح آتے ہیں تو بھی اندازہ ہوتا ہے کہ سیاحت کیلئے پاکستان محفوظ جگہ ہے۔ پچھلے دو سے تین سال کے دوران پاکستان میں ڈومیسٹک اور ٹورازم میں اضافہ ہوا ہے۔ شمالی علاقہ جات اور خیبر پی کے میں سیاحوں کے رش کی وجہ سے ٹریفک جام ہونا شروع ہوگئے ہیں کیونکہ پاکستان سے خوبصورت اور پاکستان سے بہتر دنیا کا کوئی خطہ نہیں ہے۔ میں سمجھتا ہوںکہ پاکستان بہت محفوظ ملک ہے، کرتار پورکوریڈور کی وجہ سے بھی بہت بڑی ٹورازم پاکستان کے اندر آگئی ہے، کرکٹ اوردیگر کھیل جب پاکستان میں ہونا شروع ہوگئے تو پھر مثبت مہر ثبت ہوگی کہ پاکستان ہر لحاظ سے محفوظ ملک ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان میں شوکت خانم میموریل ہسپتال یا کینسر کا علاج کرنیوالے اداروں کا یہی کہنا ہے کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر کے مریضوںکی تعداد پچاس فیصد سے بھی زیادہ ہے۔ دنیا میں پچانوے سے اٹھانوے فیصد تک بریسٹ کینسر کا مکمل علاج ہے پاکستان میں اس کا پورشن پچاس فیصد تک رہ جاتا ہے کیونکہ یہاں تشخیص دیر سے کی جاتی ہے۔ پہلی سٹیج میں پتہ چل جائے تو اٹھانوے فیصد علاج ممکن ہے۔ اسی لئے ہم نے پنک ربن کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ میں اپنی ماوں، بہنوں اور بیٹیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ مہینے میں ایک بار اپنا معائنہ خود ضرورکریں اگر کوئی گلٹی محسوس ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔میڈیا کے سوال کے جواب میں صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ آئے گی آئے گی فکر کی بات نہیں ہے۔ قبل ازیں پاکستان اور سری لنکا ٹیم کے درمیان تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے موقع پر قذافی سٹیڈیم میں پنک ڈے منایا گیا ٹاس کے فوری بعد صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو پنک ڈے کے ربن لگائے اور کھلاڑیوں کیساتھ میچ آفیشلز میں پنک ربن تقسیم کیے۔ دریں اثناء لاہور آمد پر گورنر پنجاب چودھری سرور نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا استقبال کیا۔ جسکے بعد دونوں راہنماؤں کے درمیان گورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں سیاسی سمیت دیگر ایشوز کے حوالے سے بات چیت کی گئی بعدازں گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور سے اوورسیز پاکستانی کمیشن کے کمشنر جاوید اقبال بخاری، عوامی تحر یک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور اور ڈاکٹر ہمایوں پرویز سمیت دیگر نے بھی ملاقات کی جن سے گفتگو کے دوران چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اپوزیشن اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کیلئے ہر معاملے کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے لیکن وہ عوام کو گمراہ کر نے کے اپنے مشن میں کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی اور پاکستان اسی طر ح ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے ایشوز پر بھی پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت نے پوری دنیا میں کشمیر ی عوام کا بھر پور مقدمہ لڑا ہے جو بھارت کوہضم نہیں ہو رہا اسی وجہ سے بھارت ایف اے ٹی ایف میں بھی پاکستان کے خلاف سازشیں کر نے میں مصروف ہے۔ ہم نے پہلے بھارت کو ہر محاذ پرشکست دی ہے اب بھی بھارت کو اس کے عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔ بھارت ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی مخالفت پر منہ کی کھائے گا، انہوں نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کا دورہ چین ہر لحاظ سے کامیاب رہا۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے سے پاکستان میں ترقی او رخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...