چودھری شوگر ملز کیس: مریم نواز کی سیلفیوں پر جج برہم، ریفرنس جلد دائر کرنے کا حکم

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کر دی۔ احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج جواد الحسن نے چودھری شوگر ملز کیس کی سماعت کی۔ عدالت میں لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد کی موجودگی کے باعث شدید بدنظمی دیکھی گئی جس پر عدالت نے فوری طور پر کمرے سے غیر متعلقہ افراد کو نکالنے کا حکم دے دیا۔ جج نے نیب پراسیکیوٹر سے اسفتسار کیا کہ مریم نواز اور یوسف عباس کا ریفرنس کب دائر کیا جائے گا جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ مریم نواز اور یوسف عباس کے خلاف تحقیقات ابھی جاری ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے پر چودھری شوگر مل کا ریفرنس دائر کر دیا جائیگا۔ عدالت نے 23 اکتوبر تک نیب کو جلد از جلد ریفرنس دائرکرنے کا حکم دے دیا۔ نیٹ پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ منی لانڈرنگ کے الزام پر ملزموں کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہے اور انہیں الزامات میں نواز شریف سے بھی تفتیش کرنی ہے۔ عدالت نے ملزموں کی حاضری مکمل کرنے کے بعد وکلاء سے مشاورت کیلئے علیحدہ کمرے میں ملاقات کی اجازت دیدی۔ کمرہ عدالت میں لیگی کارکنوں کی موجودگی کے سبب شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی۔ کچھ رہنما اور کارکن مریم نواز کے ساتھ سیلفی بنانے میں مصروف رہے۔ لوگوں کی مریم نواز کے ساتھ سیلفیوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جج نے کمرہ عدالت میں موبائل فون بند کرا دیئے۔ مریم نواز کے وکلاء نے سائیڈ روم میں مریم نواز سے مشاورت کی اجازت طلب کی جسے عدالت نے منظور کرلیا اور خبردار کیا کہ غیر متعلقہ افراد وہاں گئے تو ذمہ دار وکلاء ہوں گے۔ احاطہ عدالت میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جس غلط طریقے سے یہ حکومت آئی تھی اسی طریقے سے جائے گی۔ جیل میں مجھ سے موبائل فون برآمد ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ آئی جی جیل نے بھی اس کی تردید کی ہے۔ جس طرح جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے اس طرح دھاندلی زدہ حکومت کے بھی پائوں نہیں ہوتے۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محبان وطن عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔ ان کا گناہ صرف اتنا ہے کہ وہ آئین پاکستان اور جمہوریت سے پیار کرتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کا خط میاں نواز شریف کو پہنچا تھا اور نواز شریف کا پیغام مولانا فضل الرحمن کو پہنچ گیا تھا۔ اب آپ دھرنے کی تیاری کریں۔ اب کی بار پورا پاکستان اس دھرنے میں آئے گا۔ صرف مسلم لیگ (ن) ہی نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام اس دھرنے میں شرکت کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...