اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)شہدائے اسلام کانفرنس مولانا اعظم طارق شہیدکے مذہبی و سیاسی افکار کو فروغ دینے کے لیے حسب سابق منعقد کی جارہی ہے۔ جس میں مولانا اعظم طارق شہیدکی مذہبی و سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔مولانا اعظم طارق جید عالم دین، راسخ العقیدہ مسلمان، بہادر، اتحاد امت کے داعی، عشق رسولؐ، عشق صحابہؓ و اہلبیتؓ کی پیکر شخصیت کا نام ہے۔ مولانا اعظم طارقؒ نے دیگر خدمات کے علاوہ خصوصیت کے ساتھ ملک میں بدامنی و فرقہ وارانہ فسادات کی روک تھام کے لیے قومی اسمبلی میںناموس صحابہؓ و اہلبیتؓ بل کی صورت میں آواز اٹھائی۔ تاکہ قانون سازی کروا کر بدامنی کا سبب بننے والی اس گستاخ زبان و قلم کو کنٹرول کیا جاسکے جس سے فرقہ وارانہ فسادات جنم لیتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار مولانا اعظم طارق شہیدؒ کے صاحبزادے ایم پی اے جھنگ مولانا معاویہ اعظم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا معاویہ اعظم نے کہا کہ اگر مولانا اعظم طارق کا پیش کردہ ناموس صحابہؓ بل پاس کرکے قانون سازی کر لی جاتی تو آج نہ کسی کو گستاخی کی جرأت ہوتی اورنہ ناموس رسالتؐکے تحفظ کے لیے مارچ اور دھرنوں کی ضرورت پڑتی۔ آج بھی وقت ہے کہ جو علما کرام قومی اسمبلی میں بیٹھے ہیں وہ دھرنوں کے بجائے قومی اسمبلی کے اندر مولانا اعظم طارقؒ کے پیش کردہ ناموس صحابہؓ بل کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے قانون سازی کی کوشش کریں تاکہ یہ مسئلہ قانون کے ذریعے حل ہوسکے۔