میکسیکو کے جنوبی علاقے کے میئر کو وعدوں کے مطابق کام نہ کرنے پر علاقہ مکینوں نے دفتر سے زبردستی باہر نکالا اور گاڑی میں باندھ کر شہر میں گھمایا جس پر پولیس نے 11 افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ریاست چیپاس کے قصبے سینتا ریتا میں میئر جارج لوئس ہرنانڈیز کو دفتر سے نکال کر شہر میں گھمانے پر 11 افراد کو حراست میں لیا ہے۔اطلاعات کے مطابق میئر جارج لوئس کو بظاہر کوئی زخم نہیں آئے تاہم انہیں بری طرح گھسیٹا گیا۔میکسیکو کے شہریوں کی جانب سے میئر پر حملے کا یہ دوسرا واقعہ ہے جو انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدوں کے مطابق سڑکیں بنانے اور دیگر کام کرنے میں ناکامی پر پیش آیا۔حکام نے میئر پر حملے کے بعد ریاست میں سیکیورٹی کے لیے اضافی نفری تعینات کردی ہے۔خیال رہے کہ میکسیکو میں منشیات فروش میئرز اور مقامی سیاست دانوں کو ان کے مطالبات پورے نہ کرنے پر اکثر نشانہ بناتے ہیں، جبکہ شہریوں کی جانب سے اس طرح کے واقعات عام نہیں۔میئر جارج لوئس کا کہنا تھا کہ وہ اغوا اور قتل کی کوشش پر مقدمہ دائر کروائیں گے۔پولیس نے مداخلت کر کے میئر کو شہریوں سے چھڑایا اور انہیں لوگوں سے بچایا، تاہم اس دوران تصادم سے کئی افراد زخمی ہوئے۔
میکسیکو:وعدے پورے نہ کرنے پر میئر کو گاڑی میں باندھ کر شہر میں گھمایا گیا
Oct 10, 2019 | 11:53