بنگلا دیش:نوبل انعام یافتہ ماہر اقتصادیات محمد یونس کی گرفتاری کے وارنٹ جاری

 بنگلا دیش کے نوبل انعام یافتہ ماہر اقتصادیات محمد یونس کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیئے گئے۔بنگلا دیش کی عدالت میں محمد یونس پر اپنے کمپنی گرامین کمیونیکیشنز کے ملازمین کو ٹریڈ یونین بنانے پر ان کو برطرف کیئے جانے کے خلاف ایک مقدمہ زیر سماعت ہے،عدالت نے ان کو پیشی میں طلب کیئے جانے کے باوجود پیش نہ ہونے پر ان کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیئے ہیں۔عدالت کے کلرک نورُزمان کے مطابق محمد یونس گرامین کمیونیکیشنز کے چیئر مین ہیں وہ بیرون ملک ہونے کے باعث بدھ کے روز کیس کی سماعت میں پیش نہ ہو سکے تھے تاہم کمپنی کے سی ای او اور سینیئر منیجر ان کی جگہ عدالت میں پیش ہوئے اور انھوں نے ان کی ضمانت قبل از گرفتاری بھی کرا لی۔یونس کے وکیل قاضی ارشادالعالم کا موقف ہے کہ یونس عدالت سے طلبی کے سُمن موصول ہونے سے قبل بیرون ملک چلے گئے تھے جیسے ہی وہ واپس آتے ہیں معاملہ سلجھا لیا جائے گا۔79 سالہ محمد یونس بنگلا دیش میں مائیکرو بینکنگ سیکٹر کے بانی سمجھے جاتے ہیں ان کو مائیکرو بنکنگ کے ذریعے ملک میں غربت کی شرح کم کرنے پر نوبل انعام دیا گیا تھا۔ان کے وزیر اعظم شیخ حسینہ سے 2007 میں اختلافات پیدا ہوئے ان کو حکومت نے گریمین بنک کی سربراہی سے برطرف کردیا تاہم انھوں نے اپنی برطرفی کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔یونس نے گریمین بنک کو 1983میں قائم کیا تھا اور اس سے کروڑوں دیہی غریب افراد کو مائیکرو لونز جاری ہوئے۔اس وقت یہ بنک حسینہ واجد کا مقرر کردہ منیجر چلا رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن