مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے جیل سے مولانا فضل الرحمن کے نام خط لکھ کر ان کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کر دیا ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے جیل سے مولانا فضل الرحمن کے نام لکھے گئے خط میں انھیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی پوری قیادت اور کارکن اپ کے ساتھ ہیں۔
ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے خط میں لکھا کہ موجودہ حکومت دھاندلی زدہ ہے۔ اس کے خاتمہ تک، ن لیگ جے یو آئی کے ساتھ ہے۔ذرائع کےمطابق کیپٹن (ر) صفدر نے نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان پیغام رسانی کا کردار ادا کیا، کیپٹن (ر) صفدر نے ہی مولانا فضل الرحمان کا خط نواز شریف کو پہنچایا۔ انہوں نے نواز شریف کا جوابی خط بھی مولانا فضل الرحمان تک پہنچایا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق جوابی خط میں نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دھاندلی زدہ ہے ، موجودہ حکومت کے خاتمے تک (ن) لیگ جے یو آئی (ف) کے ساتھ ہے، مولانا فضل الرحمان مارچ کریں مسلم لیگ (ن) کی پوری قیادت اور کارکن آپ کے ساتھ ہے۔
لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے ان کے خاندان کےمتعدد افراد نے ملاقات کی، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کمر درد کے باعث نہ آسکے۔
ملاقات کے بعد نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدرنے بتایا کہ ’نوازشریف نے کہا ہے کہ جسے پاکستان سے پیار ہے،وہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ضرور جائے گا‘۔
لاہورکی کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے آج ملاقات کا دن تھا۔ نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر، داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر، نواسہ جنید صفدر اور خاندان کے دیگر افراد ان سے ملاقات کیلئے آئے۔
ڈاکٹر عدنان بھی جیل پہنچے مگر مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کمر کا درد بڑھ جانے کے باعث نہ آسکے۔
شہبازشریف نے گزشتہ روز کے مسلم لیگ ن کے اجلاس کی سفارشات کی حتمی منظوری کیلئے نواز شریف سے اہم ملاقات کرنا تھی۔
کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ شہباز شریف اگر صحت کی وجہ سے مولا نافضل الرحمان کے دھرنے میں نہ بھی جاسکے تو وہ لاہور میں ویلکم ضرور کریں گے۔حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے۔ نواز شریف سے محبت کرنے والے دھرنے میں شریک ہوں گے۔ آزادی مارچ کے امام مولانا فضل الرحمن، ہم مقتدی ہوں گے۔
محمد صفدر کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ کشمیر اور ووٹ کو عزت دو کی آزادی ہے، نوازشریف نے کہا ہے کہ جسے پاکستان سے پیار ہے وہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ضرور جائے گا۔
محمدصفدر نےکہا کہ عمران خان کہیں نظر نہیں آرہے، عوام الیکشن کی تیاری کریں ،پہلا پرچہ لیک ہوگیا تھا، اب نئے پرچے کی تیاری کریں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کے حوالے سے اپنی سفارشات تیار کرلی تھیں جن کی منظوری پارٹی قائد نواز شریف نے دینی ہے۔