بھارت دہشتگردی کے فالس آپریشنز میں پیش پیش‘ امریکی جریدہ نے تصدیق کر دی: فیاض چوہان 

لاہور ( نیوز رپورٹر) فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ معروف امریکی جریدے کی جانب سے دہشت گرد ممالک کی فہرست میں بھارت پہلے نمبر پر آگیا، بھارت کا منافقانہ چہرہ بے نقاب ہوا، اس ریٹنگ سے بھارت سے متعلق پاکستان کے موقف کی تائید ہوگئی۔ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت نے ہمیشہ بالی وڈ کے ذریعے پاکستان، ہمارے سیکیورٹی اداروں اور پوری امت مسلمہ کو دہشت گرد بنا کر پیش کیا ہے، حقیقت یہ ہے کہ بھارت پوری دنیا میں دہشت گردی کے فالس فلیگ آپریشنز میں پیش پیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈین اسٹیبلشمنٹ، را، داعش اور ٹی ٹی پی جیسی تنظیموں کے ساتھ ملکر امت مسلمہ کو بدنام کر رہی ہے، پٹھان کوٹ اور اڑی جیسے واقعات حقیقت کے برعکس صرف انڈین اسٹیبلشمنٹ کے ذہنوں کی اختراع ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ امریکی جریدے نے بھارتی منافقت اور مودی سرکار کی چانکیا کی سیاست پر مہر ثبت کر دی ہے، پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور دنیا میں امن کا خواہاں ہے، پاکستان نا صرف اندرونی و بیرونی بلکہ بین الاقوامی سطح پر قیام امن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن