سی سی پی او لاہور کا خفیہ اداروں کو مراسلہ‘ پولیس ملازمین کے اثاثوں کی تفصیلات طلب

Oct 10, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور میں ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز سمیت دیگر پولیس ملازمین کے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کرلی گئیں۔ سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے پولیس ملازمین کے اثاثوں کی تفصیلات کیلئے خفیہ اداروں کو مراسلہ ارسال کیا ہے جو سپیشل برانچ اور انٹیلی جنس بیورو کو جاری کیا گیا ہے۔ سی سی پی او کے مراسلے میں پہلے مرحلے میں ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور انچارج انویسٹی گیشنزکا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فیلڈ آفیسرز کی پوسٹنگ کیلئے اثاثوں کے ڈیکلریشن کا مراسلہ بھی جاری کیا گیا ہے۔ مراسلے کے متن میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ افسران کی تنخواہ کے علاوہ دیگر کاروبار کے بارے میں خفیہ معلومات فراہم کی جائیں۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ آمدن سے زائد اثاثے رکھنے والے پولیس افسران کے خلاف محکمانہ تحقیقات ہوں گی اور آئندہ کوئی بھی پولیس افسر اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائے بغیر فیلڈ میں تعینات نہیں ہوگا۔

مزیدخبریں