نگورنوکاراباخ میں فوری جنگ بندی کی جائے: اقوام متحدہ 

نیویارک +قاہرہ (نیٹ نیوز+این این آئی) اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کی سربراہ مشل بیچلیٹ نے متنازع خطہ نگورنوکاراباخ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آرمینیا اور آذربائیجان دونوں کو دو ہفتوں سے جاری جنگ فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ اقوام متحدہ انسانی حقوق کی ہائی کمشنر مشل بیچلیٹ کا کہنا تھا کہ ‘حالیہ دنوں میں تنازع کے اطراف میں واقع گنجان آباد علاقوں کو شیلنگ اور بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنانے کی رپورٹس پر سخت تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں پر پڑنے والے اثر کے باعث فوری طور پر جنگ بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دونوں فریق پر اثرورسوخ رکھنے والے دیگر ممالک سے بھی کشیدگی روکنے‘ عالمی قوانین اور شہریوں کے تحفظ کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔مصر کی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازھر کے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب نے آذربائیجان اور آرمینیا پر فوری جنگ بندی اور تنازع کے سیاسی حل کے لیے فوری طور پر غیر مشروط مذاکرات پر زور دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بک اور ٹویٹر پرپوسٹ کردہ بیان میں شیخ الازھر نے ناگورنو کاراباخ میں دونوں متحارب ملکوں سے جنگ روکنے اور تنازع کے حل کے لیے بات چیت شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اپیل میں شیخ الازھر نے کہا کہ آذربائیجان اور آرمینیا دونوں اچھے ہمسائے بنتے ہوئے طاقت کے بجائے تنازع کے حل کے لیے دماغ کو استعمال کریں، امن، انسانیت اور ایک دوسرے کی عوام کے احساس میں امن عمل کی طرف رجوع کریں۔

ای پیپر دی نیشن