شاہ محمود، اسد عمر، شفقت محمود،فواد چوہدری، شہزاداکبر کی ملاقات، قوم جانتی ہے اپوزیشن کیوں اکٹھی ہوئی: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلی عثمان بزدار سے میں وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شفقت محمود، فواد چوہدری، چیف وہپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر اور مشیر برائے وزیر اعظم شہزاد اکبرنے ملاقات کی جس میں پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری سکیموں اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت پر بھی بات چیت کی گئی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر، قصبے اور دیہات کی یکساں ترقی کیلئے پائیدار عملی اقدامات کئے گئے ہیں۔ کوئی بھی شہر یا قصبہ ترقی کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گا اور اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کیا جائے گا۔ رواں مالی 1394 زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کومکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ کرونا صورتحال کے پیش نظر 56 ارب روپے کا ریکارڈٹیکس ریلیف دیا گیا۔ صحت اور تعلیم سمیت سوشل سیکٹر کے بجٹ میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ ٹیکس کم کئے گئے مگر ٹیکس بیس کو بڑھایا جا رہا ہے۔ 61 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹس مسترد کی گئی ہیں۔ سخت مالی ڈسپلن پر کاربند ہیں۔ ترقی کے عمل میں وفاقی وزراء کے تجربے اور رہنمائی سے استفادہ کیا جائے گا۔ ارکان قومی اسمبلی کے حلقوں میں بھی ترقیاتی کام کرائے جائیں گے۔ اس ضمن میں موثر میکنزم مرتب کر کے آگے کی طرف بڑھیں گے۔ ارکان قومی اسمبلی بھی میرے ساتھی ہیں۔ ان کا جائز حق ضرور دیں گے۔ نئے بلدیاتی نظام کے تحت عوام کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مل کر مربوط انداز میں کام کریں گے۔ وفاقی وزیراسد عمر نے کہا کہ عوام کو سہولتیں پہنچانے کے لئے پنجاب اور وفاق قدم سے قدم ملا کر چلیں گے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی سے لوگوں کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہوں گے۔ شفقت محمودکہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ وفاقی وزراء نے ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کی سکیموں کے بارے میں تجاویز دیں ۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے وفاقی وزراء کی تجاویز اور سفارشات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ احتجاجی سیاست کرنے والے اپنے دور میں کی گئی کرپشن اور لوٹ مار سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ ذاتی مفاد کا قومی مفادات پر غالب آنا افسوسناک ہے۔آج منفی سیاست کرنے والوں نے اپنے دور اقتدار میں عوام کی بنیادی ضرورتوں کو فراموش کئے رکھا۔ پوری قوم جانتی ہے کہ اپوزیشن کس مقصد کیلئے اکٹھی ہوئی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کے اصل چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ احتساب ہمارا قومی مشن ہے، جس سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ترقی کے عمل میں عوامی نمائندو ں کی مشاورت کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ اپوزیشن ترقی کے سفر کو روکنے کے درپے ہے۔ ذہنی صحت کے عالمی دن پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ تندرست زندگی کا براہ راست تعلق صحت مند دماغ سے ہے لیکن غربت، عدم تحفظ اور تعلیم میں کمی کے باعث ذہنی انتشار میں مبتلا افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ موبائل فون اور کمپیوٹر کا بے تحاشا اور غیر معمولی استعمال بھی ذہنی بگاڑ کا باعث بن رہا ہے۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ قانون فطرت سے ہٹ کر زندگی گزارنے سے ذہنی امراض لاحق ہونے کے خدشات میں اضافہ ہوتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن